غلطیاں کرنے کے حوالے سے اکثر پوچھے جانے والے سوالات

مجھے کتنی مدد دینی چاہیئے؟

میں اپنے چھوٹے بچے کو روزانہ دوپہر کا کھانا تیار کرنے میں مدد لینے کے لئے شامل کر رہی ہوں۔ زیادہ تر وہ اس سے لطف اندوز ہوتا ہے لیکن کبھی کبھی وہ جھنجھلا جاتا ہے کیونکہ چیزیں اس کے لئے غلط ہو رہی ہیں۔ مجھے معلوم ہے کہ وہ اس سے سیکھے گا جو بھی چیزیں اس کے لئے غلط ہو رہی ہیں لیکن مجھے یقین نہیں ہے کہ مجھے کب اصرار کرنا چاہیئے کہ جو اس نے شروع کیا ہے وہ اسے لازمی ختم کرے اور کب مجھے خود کام اپنے ہاتھ میں لے کر اس کے لئے کر دینا چاہیئے۔

سب سے پہلے تو یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ آپ کا چھوٹا بچہ نشوونما کے عمل سے گزر رہا ہے۔ کچھ دن وہ کام کرنے میں اچھا، پراعتماد اور ثابت قدم رہنے اور کوشش کرتے رہنے کے لئے توانائی سے بھرپور ہوگا اور کسی دن وہ تھکا ہوا محسوس کر سکتا ہے اور مغلوب ہو سکتا ہے جب چیزیں اس طرح سے نہیں ہوں جس طرح سے وہ چاہتا ہے کہ ہوں۔ یہ ضروری ہے کہ آپ کو اس طرح کسی بھی دن رونما ہونے والی اس کی جذباتی کیفیت کو پہچاننے کی عادت ڈالنی ہوگی اور اس کے حساب سے اس سے اپنی توقعات وابستہ کرنی ہوں گی۔ بہرحال، ایک اصول کے طور ہر آپ کو ہمیشہ اس طرح سے سوچنا چاہیئےکہ آپ اسے جو وہ کر سکتا ہے اسے کرنے دیں اور ان حصوں میں اس کی مدد کریں جو اسے مشکل لگ رہے ہیں۔ شاید ایک دن وہ سینڈوچ کے لئے ڈبل روٹی پر مکھن خود لگا لے، ڈبل روٹی کے دونوں طرف جیم لگا لے اور انہیں ملا لے لیکن اسے ان کو چار حصوں میں کاٹنے کے لئے چھری استعمال کرنے میں دشواری ہو رہی ہو۔ اس کے لئے اسے فوراً کر کے ختم نہ کریں۔ چھری اٹھائیں اور آہستگی اور وضاحت کے ساتھ اسے دکھائیں کہ سینڈوچ کو آدھا کیسے کاٹتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے مشکل حصہ آدھا اس کے لئے ہو چکا ہے اور آپ نے اسے کر کے دکھا دیا ہے کہ اب ان آدھے حصوں کو مزید آدھا کیسے کرنا ہے۔ اسے ایسا کرنے کا موقع فراہم کریں۔ وہ شاید کرنے کے لئے حوصلہ افزائی محسوس کرے لیکن اگر ایسا نہ ہو تو آپ اس کے لئے کر دیں۔ ہر بار جب آپ یہ کرتے ہیں تو آپ اسے دکھا رہی ہیں کہ کسی اور موقع پر وہ خود کیسے کوشش کرے۔