بات چیت کرنا

زبان کے حوالے سے بھرپور ماحول تیار کریں

  • آپ اور آپ کے بچے کی دنیا میں موجود دوسرے بالغ آپ کے بچے کی زبان کا ماحول بناتے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر وہ شخص جو اس کی زندگی میں شامل ہے اس بات سے واقف ہے کہ ہر وقت مفصل اظہاری زبان استعمال کرنا کس قدر ضروری ہے۔

اپنے بچے کو اس کے تجربات کے ذریعے الفاظ سے منسلک کریں

  • آپ کا بچہ آپ کی گفتگو اس سے کہیں زیادہ سمجھ سکتا ہے جتنا آپ تصور کرسکتے ہیں اس لئے یہ بہت اہم ہے کہ آپ مسلسل لمحہ بہ لمحہ ان معمولات کی وضاحت کرتے رہیں جس کا وہ تجربہ کر رہا ہے۔ مثال کے طور پر جب آپ باہر جانے کے لئے تیاری کر رہے ہوں تو آپ کچھ ایسا کہہ سکتے ہیں۔'آج باہر سردی ہے، اس لئے ہمیں جیکٹس پہننے کی ضرورت ہو گی۔ میں آپ کا بایاں بازو جیکٹ کی آستین میں ڈال رہی ہوں۔ میں جیکٹ کا وہ حصہ دیکھ رہی ہوں جہاں سے آپ کا دایاں ہاتھ اس کے اندر ڈالا جائے۔"
  • اپنی گفتگو کو براہِ راست بچے سے کریں نہ کہ کام کرتے ہوئے یا اس کی جانب پیٹھ کر کے۔ اسے آپ کی آنکھیں اور منہ دیکھنے کے ساتھ ساتھ آپ کے الفاظ سننے کی ضرورت ہوتی ہے۔
  • اپنے بچے کی بات کرنے کی کوشش کو دیکھیں اور اس کا اعتراف اپنے لمس یا مسکراہٹ کے ذریعے کریں اور جو آپ نے سنا اسے دہرا کر بھی۔
  • بچے الفاظ کو اشیاء سے منسوب کرتے ہیں اس لئے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ ان اشیاء کے نام سنیں جنہیں وہ چھوتے ہیں۔ ان چیزوں پرغور کریں جنہیں آپ کا بچہ دیکھ رہا ہے یا جن کی طرف اشارہ کر رہا ہے اور ان اشیاء سے جڑے ناموں کو بتاتے ہوئے اسے جواب دیں۔ جب وہ اشارہ کرے تو آپ اسے لفظ فراہم کرتے رہیں، چاہے وہ کتنی ہی بار ان کو دوبارہ سننا چاہے۔
  • نئے الفاظ کو جملے کے آخر میں رکھیں اور اپنے بچے سے بات کرتے ہوئے جملہ اس طرح بنائیں کہ نیا لفظ بار بار دہرایا جائے۔ یہ طریقہ اسے نیا لفظ سیکھنے میں مدد دیتا ہے۔ مثال کے طور پر آپ ایسا کہہ سکتے ہیں: 'کیا آپ سیب لینا پسند کریں گے؟ ہمارے پاس کچھ سرخ سیب ہیں۔ کیا آپ سرخ سیب لینا پسند کریں گے؟'
  • یہ ضروری نہیں کہ آپ 'بچگانہ زبان' استعمال کریں یا بچے کے کسی بچگانہ الفاظ سے کوئی نئی زبان بنائیں جیسے کہ 'مم مم' 'چوچی'۔ آپ کا بچہ بالغوں کی گفتگو میں استعمال ہونے والے الفاظ اتنی ہی آسانی سے سیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے جتنا کہ بچگانہ الفاظ اس لئے اُسے بچگانہ الفاظ دینے کی کیا ضرورت ہے؟

وقت نکالیں

  • اپنے بچے کے ساتھ یہ کام روزانہ کرنے کے لئے آپ کو کسی اضافی وقت کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس کے لئے آپ کو صبر کرنے کی ضرورت ہے۔ صرف اس لئے کہ آپ نے کسی چیز کا نام ایک بار بتا دیا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کے بچے کو اگلی مرتبہ خود سے یہ لفظ بولنے کے قابل ہونا چاہیئے۔ اس کو صحیح آواز نکالنے کے لئے اپنے منہ کو صحیح انداز میں حرکت دینے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ لیکن جب آپ اس کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں اور اتنا صبر کرتے ہیں کہ اس کے لئے الفاظ کو دہراتے رہیں تو بتدریج وہ بولنا شروع کر دے گا۔۔