گھر میں ہونے والی سرگرمیوں کے حوالے سے اکثر پوچھے جانے والے سوالات

میرا بچہ عملی کام کرنے میں دلچسپی لیتا نظر نہیں آتا

میں اپنے بچے کو گھر میں ہونے والے کاموں میں شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہوں لیکن اکثر ہوتا یہ ہے کہ وہ چیزوں سے کھیلنے لگتا ہے اور آخر مجھے کام کرنا پڑتا ہے۔ میں کیسے اسے کام مکمل کرنے میں زیادہ مشغول کر سکتی ہوں؟

ایسا لگتا ہے کہ آپ کو اپنی توقعات کو ذرا موزوں کرنے کی ضرورت ہے۔ اس عمر کے بچے نتیجے کی پرواہ کرنے والے نہیں ہوتے اور وہ یقیناً کام اس رفتار سے نہیں کریں گے جو آپ ان سے چاہتے ہیں۔ شروع میں آپ کو ان کے ساتھ ساتھ کام کرنا ہوگا 'ایک میں کروں گی ایک تم کرنا' کی مشترکہ کوشش کے طور پر۔ یہ توقع رکھنا کہ آپ کا بچہ خودمختاری سے پورا کام خود کرے گا غیر حقیقی ہے۔ جب آپ کا بچہ توجہ کھونے لگے تو باریک تفصیلات پر توجہ دیتے ہوئےاس کی توجہ دوبارہ مرکوز کریں۔ مثال کے طور پر، اگر وہ آپ کے ساتھ تمام میلے کپڑے واشنگ مشین میں ڈال رہا ہے اسے یہ چیلنج دیں کہ تمام موزے ڈھونڈے یا اپنی قمیضیں ڈھونڈے اور اس دوران آپ باقی تمام کپڑے مشین میں ڈالتی رہیں۔ اس کی توجہ کام کے کسی ایک حصے پر مرکوز کرنا اسے مصروف رہنے میں اور جب وہ کام مکمل کر لےتو کامیابی محسوس کرنے میں مدد دیتا ہے۔

مجھے یہ خوف ہے کہ وہ خود کو نقصان پہنچا لے گا

میں یہ عملی کام اپنے بچے کے ساتھ کرنا چاہتی ہوں لیکن مجھے یہ خوف ہے کہ وہ خود کو نقصان پہنچا لے گا۔ اگر وہ کیلا کاٹنے جا رہا ہے، مثال کے طور پر، اسے ایسی چھری کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں کاٹ سکے ورنہ وہ یہ کرنے کے قابل نہیں ہے لیکن اگر میں اسے حقیقی چھری دیتی ہوں تو شاید وہ خود کو چوٹ پہنچا لے۔ آپ مجھے کیا مشورہ دیں گے؟

آپ بالکل درست ہیں کہ اسے ایسی چھری کی ضرورت ہوگی جو حقیقی طور پر کاٹ سکے اور اگر ہم چھوٹے بچوں کو ایسی چیزیں دے رہیں ہیں تو ہمیں اس بارے میں احتیاط سے سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم یہ کیسے کریں۔ یہ اہم ہے کہ آپ اپنے بچے کو دکھائیں کہ چھری کو اس طریقے سے کیسے پکڑنا ہے کہ وہ اسے تکلیف نہ پہنچائے، بلیڈ کا رخ نیچے کی جانب رکھتے ہوئے اور انگلیوں کو دستے پر۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ اسے تیز نوکدار چھری دی جائے لیکن آپ اسے دکھا سکتے ہیں کہ دھار تیز ہے اور اسے احتیاط کی ضرورت ہے۔ اسے دکھائیں کہ اسے دوسرے ہاتھ کی انگلیاں کیلے پر کہاں رکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ انہیں کاٹ نہ لے۔ آپ حیران ہوں گے کہ وہ چھری کے ساتھ کتنا محتاط ہے جب آپ اسے یہ دیکھنے میں مدد دیں کہ اسے احتیاط سے سنبھالنے کی ضرورت ہے۔