رابطہ: دس تجاویز

دس چیزیں جو آپ گھر پر اپنے بچے کو رابطہ کرنے میں مدد کرنے کے لئے کر سکتے ہیں

اپنے بچے کے لئے ایک پرسکون اور خاموش ماحول بنائیں اور اسے شور اور الیکٹرانک آوازوں سے محفوط رکھیں۔ ایک پر امن ماحول کو بنانے کے لئے ٹیلی ویژن اور پسِ پردہ شور کو کم سے کم رکھیں۔ انسانی آوازوں کو ایسی آواز بنائیں جو وہ زیادہ تر سنتا ہو۔

اپنے بچے سے گفتگو کریں۔ جب آپ کا بچہ آوازیں نکالے تو آپ اسے اس طرح جواب دیں جیسے وہ واقعی بات کر رہا ہے۔ اسکی آوازیں چہچہاہٹ میں بدل جائیں گی جو اس کے رابطہ کرنے کی پہلی کوشش ہے۔ سارا دن اس سے باتیں کریں اور اس کی دیکھ بھال اور آنے جانے والوں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔

کہانیاں اور نظمیں پڑھیں اور گائیں۔ جب ان کے لئے کہانیاں پڑھی جاتی ہیں تو بچوں کا ذخیرۂ الفاظ وسیع ہوتا ہے اور وہ بہتر قارئین کے طور پر پروان چڑھتے ہیں ۔ ان کی زندگی کی شروعات سے ہی کتابیں پڑھیں۔ وہ ایک ہی کتاب کو بار بار سننے سے محبت رکھتے ہیں۔ ایسی حقیقت پر مبنی کتابیں ڈھونڈئیے جن میں روزمرہ کی اشیاء، حرکات اور واقعات سے متعلق سادہ تصاویر ہوں۔ اپنے پسندیدہ گانے گائیں۔

واضح اور براہ راست بات کریں۔ لمحہ بہ لمحہ معمولات جو وہ تجربہ کر رہا ہے ان کی وضاحت کریں۔ جتنا اہم اس سے بات کرنا یا اس کے لئے پڑھنا ہے اتنا ہی اہم اس کی بولنے کی کوششوں کی آگاہی اور ایک لمس یا مسکراہٹ کے ذریعے ان کو تسلیم کرنا ہے، یا جو بھی کچھ آپ نے سنا اس کو دہرانا ہے۔

'بچگانہ زبان' کا استعمال نہ کریں اور نہ ہی کوئی خاص زبان توتلے الفاظ کے ساتھ بنائیں۔ آپ کا بچہ یہ بچگانہ بے سروپا الفاظ سن کر الجھن کا شکار ہو جائے گا۔ اسے بالغوں کی گفتگو میں استعمال ہونے والے درست الفاظ سننے کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب آپ اپنے بچے سے بات کریں تو دلیل اور وضاحت کے ساتھ کریں۔ وہ بہت سے الفاظ سیکھ رہا ہے۔ وہ الفاظ کو اشیاء سے منسوب کرتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ جو بھی چیز وہ دیکھ رہا ہو یا پکڑ رہا ہو اس کا نام سنے۔

اس کی رابطہ کرنے کی کوششوں کا جواب دیں۔ آپ کا جواب اسے اشاروں سے الفاظ کی طرف آنے میں زیادہ تیزی سے مدد کرتا ہے۔ وہ دیکھتا ہے کہ اس کی کوششوں کے نتائج حاصل ہوتے ہیں ۔ جب آپ اپنے بچے کی بات سنتے ہیں اور جواب دیتے ہیں تو آپ اسے کہہ رہے ہوتے ہیں، "تمھارے الفاظ اہم ہیں"۔ ایسا کر کےآپ اس کے ساتھ ایک ایسا رشتہ تعمیر کر رہے ہوتے ہیں جو اس میں بولنے کی خواہش پیدا کرتا ہے۔

صحیح الفاظ کا استعمال کریں، نہ صرف عام الفاظ بلکہ مخصوص الفاظ جیسے کہ "ہاون دستہ" اور "پردہ"۔ گھر کے ہر کمرے سے متعلق اشیاء کے نام: باورچی خانے کی اشیاء کے لئے الفاط، غسل خانے، خواب گاہ کی اشیاء کے لئے الفاظ، وغیرہ۔

غلط تلفظ نہ دہرائیں اور اسے گھریلو مذاق نہ بنائیں۔ اگر آپ کا بچہ 'پاسگیٹی' کہے تو درست لفظ کا استعمال کر کے جواب دیں: "ہم رات کے کھانے میں اسپیگیٹی کھا رہے ہیں"۔ صحیح لفظ کے ساتھ جملہ دہرانے یا بات چیت کو جاری رکھنے سے آپ اسے آہستہ آہستہ درست لفظ جذب کرنے اور استعمال کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

باری باری کہانیاں سنائیں ۔ اسے زندگی کی کہانیاں سنائیں، نہ صرف کتابوں سے۔ آپ کے بچے کو سونے کے وقت کی ایک سادہ کہانی جو دن بھر کے واقعات پر مبنی ہو اس کی تفصیلات پسند آئے گی۔ " آپ سو کر اٹھے، اپنی سبز پتلون اور ڈائنوسار والی قمیض پہنی، دانت صاف کئے، اور۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔"

سننے کے لئے وقت نکالیں۔ سننے میں صبر سے کام لیں، یہاں تک کہ اگر آپ نہ بھی سمجھیں کہ وہ کیا کہنا چاہ رہا ہے۔ مداخلت نہ کریں اور نہ ہی الفاظ تجویز کریں، بلکہ اسے بات ختم کرنے کے لئے وقت دیں۔ آپ کی دلچسپی اسے بات چیت جاری رکھنے کی ترغیب دیتی ہے۔