کہانیاں پڑھنا اور گانے گانا

کہانیاں اور نغموں سے بھری دنیا تخلیق کریں

  • کتابیں رکھنے کے لئے پورے گھر میں جگہیں بنائیں، جیسے کہ مل بیٹھنے کے کمرے میں ٹوکری، اور سونے کے کمرے میں شیلف۔ بچے اس کتاب کی جانب زیادہ متوجہ ہوتے ہیں جس کا وہ سرورق دیکھ سکیں نہ کہ صرف درمیانی حصہ۔
  • شیلف پر ایک وقت میں چند کتابیں رکھیں باہر کی جانب رخ کر کے، بقایا کتابیں الماری میں رکھیں اور میسر کتابوں کو بدل بدل کر رکھیں ( اس بات کو یقینی بنائیں کہ پسندیدہ کتابیں ہمیشہ باہر رہیں)۔ اگر تمام کتابیں شیلف پر ہوں تو ممکن ہے کہ جو کتاب اسے چاہیئے اسے ڈھونڈنے کے لئے وہ تمام کتابیں باہر نکال لے۔
  • ڈاکٹر یا دندان ساز کے ہاں جانے سے پہلے ہمیشہ انتظارگاہ میں پڑھنے کے لئے کتابیں لے کر جائیں۔

اپنے بچے کو کہانیوں اور نغموں سے منسلک کریں۔

  • کچھ مختصر کہانیاں، وجہ اور نتیجہ کی کہانیاں اور ایسی کتابیں جو کسی مسئلے پر قابو پانے کی وضاحت کرتی ہوں متعارف کروائیں۔ آپ کی مدد سے، آپ کا بچہ کتابوں کے بارے میں بات کرنا سیکھے گا۔
  • کتابیں کسی تجربے کی تیاری میں مدد دے سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر دوسرے بچے کی پیدائش سے پہلے، اپنے پہلے پیدا ہونے والے بچے کی پیدائش سے متعلق کتاب پڑھ کر سنائیں۔ عمر کے لحاظ سے متن کا انتخاب کریں۔ اس عمر میں وہ خوف اور احساسات کے بارے میں کہانیوں کو قبول کرتا ہے۔ وہ کہانیوں کے واقعات کو اپنے تجربات سے منسلک کر سکتا ہے۔ پریوں کی داستانوں اور من گھڑت کہانیوں سے اجتناب جاری رکھیں۔ حقیقی دنیا ابھی بھی اس کے لئے بہت کافی ہے، اور آپ کے اپنے بچپن کی پسندیدہ کہانیاں بعد میں آسکتی ہیں۔
  • اب تک وہ اپنی پسندیدہ کتابوں سے الفاظ اور جملے پڑھ سکتا ہے۔ اب وہ تصورات سے متعلق کتابوں سے لطف اندوز ہو سکتا ہے جیسے گنتی، متضادات اور رنگ۔ ایک کتاب نیا ذخیرۂ الفاظ متعارف کروا سکتی ہے لیکن کتابوں کو تجربے کا متبادل نہ ہونے دیں۔ چڑیا گھر کا دورہ کرنا چڑیا گھر کے جانوروں کے بارے میں کتاب پڑھنے سے بہتر ہے۔
  • نئے گانے اور نظمیں شامل کرنا جاری رکھیں۔ روزانہ گائیں، سارادن گائیں اور آہستہ گائیں۔ جب آپ کا چھوٹا بچہ گاتا ہے تو اس سے پہلے کہ الفاظ باہر نکلنا شروع ہوں وہ اپنے ذہن میں الفاظ اور جملے بنا رہا ہوتا ہے۔ اس وقت تک گانا جاری رکھیں جب تک وہ اس تجربے سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔ معنی اور الفاظ کا استعمال ایسے بچے بہت جلدی سیکھتے ہیں جن کے لئے گایا جائے۔ وہ اپنے گانے کی آواز اور احساس سے لطف اندوز ہوتا ہے۔
  • بچوں کی شاعری کی کتابیں پڑھ کر سنائیں اور دیکھیں کہ آپ کا بچہ کن نظموں پر ردِعمل ظاہر کرتا ہے۔ ان کو یاد کر لیں تاکہ آپ اپنے بچے کے ساتھ ان سے لطف اندوز ہو سکیں۔ وہ الفاظ کے حوالے سے پرجوش دلچسپی دکھائے گا۔ وہ تیزی سے نظمیں یاد کر لے گا اور الفاظ سے کھیلے گا۔
  • آپ کے بچے کی دلچسپی آپ کے کتابوں کے انتخاب کی رہنمائی کرے گی۔ پڑھنے کے دوران تصاویر سے متعلق سوالات کریں۔ متن کو پھیلا دیں اور اس کی ذات سے منسلک کر دیں۔ 'کیا آپ کو یاد ہے جب ہم نے چہل قدمی کے دوران گولڈن ریٹریور کو دیکھا تھا؟' نئے الفاظ متعارف کرتے اور دہراتے ہوئے آپ اپنے بچے کو سیکھنے کے بہت سے مواقع دیتے ہیں۔ اس طرح کی بات چیت کو طول دیں اور اپنے بچے کو بات آگے بڑھانے کا موقع دیں۔

اپنے بچے کے ساتھ پڑھنے اور گانے کے لئے وقت نکالیں

  • پڑھنے اور گانے کو اپنے بچے کے ساتھ اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا جاری رکھیں۔ مل کر پڑھنا اور گانے گانا آپ کے بچے کے لئے اتنا ہی لظف انگیز ہے جتنا کھلونوں سے کھیلنا۔ آپ کی اور آپ کے بچے کی زندگی گانوں اور کتابوں سے بھری ہونی چاہیئے جن سے آپ جب کبھی بھی فارغ ہوں مل کر لطف اندوز ہو سکیں۔